پٹنہ،:16 /مارچ(ایس اونیوز /آئی این ایس انڈیا)بہار میں سیٹوں کی تقسیم کو لے کر مہاگٹھ بندھن میں سب کچھ ٹھیک نہیں چل رہا ہے۔کانگریس اور راشٹریہ جنتا دل (آر جے ڈی) کے درمیان سیٹوں کی تقسیم کو لے کر تناؤجاری ہے۔اسی کڑی میں سابق نائب وزیر اعلی اور آر جے ڈی کے لیڈر تیجسوی یادو نے ٹویٹر کے ذریعے بغیر نام لئے کانگریس پر حملہ بولا۔اپنے ٹوئٹس میں تیجسوی نے کانگریس پارٹی کو گھمنڈی بھی کہا۔ ساتھ ہی کہا کہ اگر چند سیٹوں کو بڑھانے کے لئے اپنی جد برقرار رکھتے ہیں تو آئین میں یقین رکھنے والے انصاف پسند دیش کے لوگ معاف نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کے آئین پر غیر معمولی بحران ہے۔تیجسوی یادو نے کہاکہ آئین اور ملک پر غیر معمولی بحران ہے،اگر اب کی بار اپوزیشن سے کوئی اسٹریٹجک چوک ہوئی تو پھر ملک میں عام انتخابات ہوں گے یا نہیں، کوئی نہیں جانتا؟ اگر آپ کی چند نشستیں بڑھانے اور ساتھیوں کی کمی کے لئے تکبر نہیں چھوڑا تو آئین میں یقین رکھنے والے انصاف پسند باشندگان وطن معاف نہیں کریں گے۔بتا دیں کہ تیجسوی یادو کا بیان ایک ایسے وقت میں آیا ہے جب بہار میں کانگریس اور آر جے ڈی کے درمیان سیٹوں کی تقسیم پر معاملہ اٹکا ہوا ہے،بہار انتخابی مہم کمیٹی کے صدر اور راجیہ سبھا ممبر پارلیمنٹ اکھلیش سنگھ نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی بہار میں 11 سیٹوں پر انتخاب لڑے گی۔انہوں نے کہا کہ امیدواروں کے نام کا اعلان ہونا باقی ہے۔بہار میں مہاگٹھ بندھن میں 17 مارچ کو سیٹوں کی تعداد اور نشستوں کے نام کا اعلان ہونا ہے۔سال 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں بہار میں کانگریس نے دو سیٹوں پر جیت درج کی تھی۔اس میں کشن گنج اور سپول سیٹ شامل ہے۔سپول سے رنجیت رنجن کانگریس کی ایم پی ہیں۔اس وقت مہاگٹھ بندھن میں کانگریس کے علاوہ آر جے ڈی، آرایل ایس پی، ہم، مکیش ساہنی کی پارٹی اور لیفٹ شامل ہے۔